ایسی ٹیم سے ہار جس کے اہم کھلاڑی نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے،مصباح الحق

لاہور:سری لنکا کی نوآموز ٹیم سے مسلسل دوسرا ٹی 20 میچ بھی ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی میدان میں آگئے اور گرین شرٹس پر برستے ہوئے کہا کہ ایسی ٹیم سے ہار جس کے اہم کھلاڑی نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر ہیڈ کوچ نے کہاکہ ہار کبھی اچھی نہیں ہوتی لیکن ایسی ٹیم سے ہار جس کے مین پلیئرز نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم اچھا کھیلی، جس طرح یارکرز سری لنکا نے کیے ہم نہیں کرسکے، باﺅلنگ کے شعبے میں بہت کام کرنا ہے، وقار یونس آئے ہیں، اس پر کام کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ شاداب خان محنت کررہا ہے لیکن فارم نہ ہونے کی وجہ سے دباؤکا شکار ہے، اس کا اعتماد بحال کرنا ہے۔مصباح الحق نے کہاکہ 3 برس صبرکیا، ابھی تو میری پہلی سیریز ہے، سب سری لنکا کو کمزور ٹیم کہہ رہے تھے اور ہمیں کہا جارہا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو کھلائیں لیکن اب سب نے نتیجہ دیکھ لیا؟ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کو کمزور نہیں کہہ سکتے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق بابر اعظم نے رنز نہیں کیے، ہم ایکسپوز نہیں ہوئے، ہم نے دیکھنا ہے کہ صرف ایک بیٹسمین پر انحصار نہیں کرنا، ہم اچھا کررہے تھے لیکن اس سیریزمیں اچھا نہیں کر سکے۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں