چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری ، عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پاک چین دوستی علاقائی امن واستحکام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ جس کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ، پاکستان اور چین نے ہر بین الاقوامی اور علاقائی فورم پر تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لازوال دوستی کسی بھی صورتحال سے متاثر نہیں ہوگی۔ دونوں ملکوں نے کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور قومی وقار کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل سے سماجی اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین کے وزیر خارجہ نے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں ممالک نے تمام عالمی فورمز پر تعاون اور حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

News Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں